مقامی ۲ جون ۲۰۲۶

مخالفین اور فارم 47کی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہیں

کوئٹہ(صداقت ویب نیوز)پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ،ضلع پشین اور ضلع قلعہ عبداللہ خان کے مشترکہ بیان میں چمن کے کامیاب اور عظیم الشان جلسہ عام پر پارٹی کے تمام کارکنوں ، بہی خواہوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ چمن میں پارٹی کے زیر اہتمام عید کے روایتی جلسہ عام میں عوام کی بھرپور شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ لوگ اپنے حقوق، مسائل کے حل اور بہتر مستقبل کے لیے سنجیدہ اور متحرک ہیں۔پارٹی چیئرمین ملی مشر محمود خا ن اچکزئی اوردیگر مرکزی و صوبائی قائدین کی اپنے وطن، عوامی مسائل اور موجودہ صورتحال پر تقاریر انتہائی اہم، بروقت اور رہنمائی فراہم کرنے والی تھیں۔ ان خطابات میں عوام کو درپیش چیلنجز، ترقی کے مواقع اور مسائل کے حل کے لیے اجتماعی جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا گیا۔جس سے مخالفین اور فارم 47کی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہیں اور شدید گرمی اور تپتی دھوپ بیٹھے ہزاروں شرکاء کا منظم انداز میں جلسہ عام کے دوران اپنے ملی رہبر ، قائدین کو سُُنا دراصل نام نہاد نمائندوںکو یہ کامیاب جلسہ عام ہضم نہیں ہورہا ۔ اس لیے وہ سوشل میڈیا پر سہولت کار بن کر منفی پروپیگنڈوں پر اُتر آئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آج کے حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ عوام ذاتی گروہی ،اختلافات سے بالاتر ہو کر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ مسائل کا حل صرف اسی صورت ممکن ہے جب عوام مشترکہ مفادات اور اپنے روشن مستقبل کے لیے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوں۔ باشعور، منظم اور متحد عوام ہی اپنے حقوق کا تحفظ کر سکتے ہیں اور اپنے علاقے و ملک کو درپیش مشکلات سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔پارٹی اپنے غیور عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ غیروں کی سیاست کو ترک کرکے اپنے قومی اہداف کی جانب آئیں اور منظم تنظیم کے ذریعے قومی سیاسی جمہوری اہداف کے حصول کے لیے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے محبوب چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں جاری جدوجہد میں اپنا فعال اور مثبت کردارادا کرے۔