راولپنڈی ،کوئٹہ(صداقت ویب نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)اور وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے الگ الگ بیانات میں بتایا ہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر سکیورٹی فورسز نے انتہائی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے ہیں، جن کے دوران ملک دشمن اور کالعدم تنظیم “فتنہ الہندوستان” کے 17 اہم و خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے یہ بڑے آپریشنز 24 مئی کو پیش آنے والے ٹرین کے المناک واقعے کے بعد مستونگ، نوشکی، زہری، خضدار اور کیچ کے اضلاع میں کیے، جہاں انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی ہلاکت سے شرپسندوں کے نیٹ ورکس اور ان کے بنیادی ڈھانچے کو کاری نقصان پہنچا ہے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے جدید خودکار اسلحہ، بڑی مقدار میں بارودی مواد اور تیار شدہ آئی ای ڈیز برآمد کر لی گئی ہیں، اور یہ عناصر طویل عرصے سے معصوم شہریوں پر حملوں اور فورسز کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔دوسری جانب وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے اہم بیان میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کی کامیابی کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو بلوچستان کے امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو کسی بھی صورت سبوتاژ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ میر سرفراز بگٹی نے عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست اور تمام سیکیورٹی ادارے صوبے کے عوام کی جان و مال کے تحفظ اور بلوچستان میں مستقل و پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنے پختہ عزم پر پوری طرح قائم اور متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے ان شرپسند عناصر کو قانون کی گرفت سے کوئی نہیں بچا سکتا اور فورسز کا یہ کلیئرنس آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔ آئی ایس پی آر نے بھی عزم ظاہر کیا ہے کہ ملک گیر انسدادِ دہشت گردی مہم بھرپور انداز میں جاری رہے گی اور وطنِ عزیز سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
