کوئٹہ(صداقت ویب نیوز)معاون برائے محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے دوران “فتنہ الہندوستان” کے 17 دہشت گردوں کے خاتمے پر پاک فوج اور تمام سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک تہنیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے اعلی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بروقت کارروائی کے ذریعے امن دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے اور معصوم انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں، لازوال عزم اور فرض شناسی پر فخر کرتی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے مکمل خاتمے تک ریاستی اداروں اور عوام کا عزم غیر متزلزل رہے گا، اور پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کے خلاف سازش کرنے والے عناصر کو ہر محاذ پر عبرتناک شکست دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، اور سیکیورٹی فورسز کی یہ حالیہ بڑی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ دشمن کے مذموم عزائم وطنِ عزیز میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ صوبے میں امن و امان کی بحالی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے حکومتِ بلوچستان سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر تمام اقدامات اٹھاتی رہے گی۔
