مقامی ۱ جون ۲۰۲۶

کوئٹہ ٹو کراچی قومی شاہراہ کی تعمیر میں سنگین خامیاں، شہریوں میں تشویش

کوئٹہ(روزنامہ صداقت)کوئٹہ سے کراچی جانے والی قومی شاہراہ پر جاری تعمیراتی کاموں کے دوران مبینہ طور پر حفاظتی اقدامات کے فقدان پر شہریوں، سماجی کارکنوں اور مسافروں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ اداروں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق فیڈرل ورکس آرگنائزیشن (FWO) کی جانب سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کی منظوری سے مختلف مقامات پر تعمیراتی کام جاری ہے، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ کام کے دوران مناسب حفاظتی تدابیر اختیار نہیں کی جا رہیں۔ ان کے مطابق نہ تو واضح سائن بورڈز نصب کیے گئے ہیں اور نہ ہی متبادل راستوں (Diversions) یا ریفلیکٹر لائٹس کا خاطر خواہ انتظام موجود ہے۔مسافروں کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں اس شاہراہ پر سفر انتہائی خطرناک ہو چکا ہے، جبکہ کئی مقامات پر گہرے گڑھے اور تنگ راستوں کی وجہ سے حادثات کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ بعض شہریوں کے مطابق اس دوران متعدد حادثات کی اطلاعات بھی سامنے آ چکی ہیں.شہریوں اور سماجی حلقوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کسی بھی بڑے تعمیراتی منصوبے کے آغاز سے قبل حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا بنیادی شرط ہوتا ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں انسانی جانوں کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔سماجی و عوامی حلقوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے چیئرمین، سیکرٹری اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی انتظامات بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔