اسلام اباد (روزنامہ صداقت)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے اپنے حامیوں کو مخالفین کو چور اور ڈاکو کہنے، گالی گلوچ کرنے اور ریاستی اداروں کی کردار کشی کا شعور دیا، جبکہ ترقیاتی منصوبوں اور قومی تعمیر کے میدان میں کوئی نمایاں کارکردگی نہیں دکھائی۔نارووال میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جو لوگ خود کو ملک میں “سیاہ و سفید کا مالک” سمجھتے تھے، وہ آج کوئی قابلِ ذکر ترقیاتی منصوبہ نہیں دکھا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ جب ان کے حامیوں سے کسی منصوبے کے بارے میں پوچھا جاتا ہے تو جواب میں کہا جاتا ہے کہ ہمیں “شعور” دیا گیا ہے۔احسن اقبال نے سوال اٹھایا کہ آخر یہ شعور کس چیز کا دیا گیا؟ کیا صرف مخالفین کو چور، ڈاکو کہنا، گالی گلوچ کرنا اور ریاستی اداروں کے خلاف مہم چلانا ہی شعور ہے؟ انہوں نے کہا کہ اگر یہی شعور ہے تو وہ ایسے طرزِ عمل کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق دورِ حکومت میں نوجوانوں میں نفرت کو فروغ دیا گیا، جبکہ موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی ترقی کے سفر کو وہیں سے دوبارہ شروع کیا جہاں 2018 میں یہ سلسلہ رک گیا تھا۔ ان کے بقول، نوجوانوں کو محدود نوعیت کی اسکیموں کے بجائے جدید تعلیم، ٹیکنالوجی اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم اور ہنر کے مواقع فراہم کرنے پر توجہ دے رہی ہے تاکہ ملک کو ترقی اور معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
