مقامی ۱ جون ۲۰۲۶

شاہرگ کے شہدا نے دھرتی ماں کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اصغر خان اچکزئی

شاہرگ (روزنامہ صداقت) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ شاہرگ کے شہدا نے دھرتی ماں، قومی وقار اور اپنی سرزمین کے تحفظ کے لیے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان قربانیوں کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی.شاہرگ میں شہدا کے لواحقین اور اہلِ علاقہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ ضلع ہرنائی خصوصاً شاہرگ کے عوام طویل عرصے سے بدامنی، مشکلات اور عدم استحکام کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں کوئلے کی صنعت، میٹھے پانی کے چشمے اور زراعت جیسے قدرتی وسائل موجود ہیں، تاہم مقامی آبادی ان وسائل کے باوجود مشکلات سے دوچار ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہر دور میں بہادر لوگوں نے اپنی دھرتی، قومی وقار اور ننگ و ناموس کے تحفظ کے لیے قربانیاں دی ہیں اور شاہرگ کے شہدا بھی اسی روایت کا تسلسل ہیں۔ ان کے مطابق شہدا کے سانحے کے محرکات اور عوامل کو سمجھنے کے لیے سیاسی شعور اور عوامی بیداری ناگزیر ہے۔اصغر خان اچکزئی نے دعویٰ کیا کہ طاقتور حلقوں کی نظریں پشتون اور بلوچ علاقوں کے قدرتی وسائل پر مرکوز ہیں، جس کے باعث ان علاقوں میں بدامنی اور عدم استحکام کی صورتحال برقرار رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل، حقوق اور قومی تشخص کے تحفظ کے لیے منظم سیاسی بیداری، جمہوری جدوجہد اور پرامن سیاسی عمل ضروری ہے۔بعد ازاں اصغر خان اچکزئی اور پارٹی وفد نے شہدا کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی فاتحہ خوانی کی جبکہ اے این پی کے شہید خالق داد بابر کی قبر پر حاضری دے کر دعا کی گئی۔ پارٹی وفد نے بعد میں کھوسٹ کا دورہ بھی کیا جہاں بزرگ رہنما میر ہزار خان بابر کی عیادت اور ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔