پاکستان ۱ جون ۲۰۲۶

خیبرپشتونخوا میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی اجلاس سے ناراض اراکین کی غیر حاضری، اندرونی اختلافات نمایاں

کوئٹہ (صداقت نیوز) خیبرپشتونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں متعدد ناراض اراکین کی عدم شرکت نے جماعت کے اندر بڑھتے اختلافات اور سیاسی بے چینی کو نمایاں کر دیا۔ ذرائع کے مطابق 92 اراکین پر مشتمل پارلیمانی پارٹی اجلاس میں 25 سے زائد اراکین شریک نہ ہوئے جبکہ اجلاس وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اطلاعات کے مطابق علی امین گنڈاپور، فیصل امین، فضل الٰہی، نیک محمد اور دیگر اہم شخصیات بھی اجلاس سے غیر حاضر رہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض اراکین کابینہ سے متعلق معاملات، ترقیاتی منصوبوں، حلقہ جاتی امور اور حکومتی فیصلوں پر وزیراعلیٰ سے تحفظات رکھتے ہیں، جبکہ بیشتر غیر حاضر اراکین نے ملک سے باہر ہونے یا دیگر مصروفیات کو عدم شرکت کی وجہ قرار دیا ہے۔ سیاسی حلقوں میں یہ تاثر بھی سامنے آ رہا ہے کہ ناراض اراکین جلد الگ اجلاس طلب کر سکتے ہیں، جس سے صوبائی حکومت کے اندرونی معاملات مزید توجہ کا مرکز بن سکتے ہیں۔