پاکستان ۶ مئی ۲۰۲۶

کوئٹہ میں شہید لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

کوئٹہ (صداقت انٹرنیشل نیوز )بلوچستان میں آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے شہید لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین کی نمازِ جنازہ ہیڈ کوارٹر ایف سی بلوچستان (نارتھ)کوئٹہ میں پورے فوجی اعزاز اور انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں اعلی سیاسی، عسکری اور سول حکام سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان قربان کرنے والے بہادر افسر کو خراجِ عقیدت پیش کیا یو این اے کے مطابق شہید لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین بلوچستان میں جاری ایک آپریشن کے دوران دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی میں فرنٹ لائن پر موجود تھے، جہاں انہوں نے غیر معمولی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ عسکری حکام کا کہنا ہے کہ شہید افسر نے مادرِ وطن کے دفاع اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے فرض شناسی اور قربانی کی اعلی مثال قائم کی۔نماز جنازہ کے موقع پر فضا سوگوار رہی جبکہ شرکا کی جانب سے شہید کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا گیا۔ تقریب میں شریک اعلی حکام نے کہا کہ شہدا قوم کا فخر اور ملکی سلامتی کی مضبوط بنیاد ہیں، جن کی قربانیوں کی بدولت ملک میں امن قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور پوری قوم اپنے بہادر شہدا کے ساتھ کھڑی ہے شرکا نے شہید لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین کی عظیم قربانی کو ملک کے امن، استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایک ناقابلِ فراموش مثال قرار دیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ شہید افسر نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر یہ ثابت کیا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کے جوان ملکی دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔عسکری حکام کے مطابق شہید لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین کی میت کو بعد ازاں ان کے آبائی گاں منتقل کیا جائے گا جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔ تدفین کے موقع پر بھی پاک فوج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے سلامی پیش کی جائے گی دوسری جانب مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے شہید افسر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کی خدمات تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔