چمن (صداقت انٹرنیشنل نیوز ) گورنمنٹ مڈل سکول مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن مال روڈ چمن سے وابستہ علمی و تدریسی خدمات انجام دینے والے، بااخلاق اور باصلاحیت مدرس و پرنسپل اور اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مولوی حافظ عبد الاحد کی بطور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چمن تعیناتی یقینا ایک خوش آئند اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ یہ تقرری نہ صرف ان کی ذاتی محنت، دیانتداری اور علمی وابستگی کا اعتراف ہے بلکہ پورے تعلیمی حلقے کے لیے امید کی ایک نئی کرن بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع قلعہ عبداللہ چمن کے سابق ضلعی سنئیر نائب صدر حافظ محمد صدیق مدنی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مذید کہا کہ مولوی حافظ عبد الاحد کا شمار ان شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے تدریس کے میدان میں خلوص، لگن اور مستقل مزاجی کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ ایک مدرس اور پرنسپل کے طور پر انہوں نے نہ صرف طلبہ کی علمی و اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دی بلکہ اساتذہ کے ساتھ مثالی تعاون اور بہترین انتظامی صلاحیتوں کا بھی مظاہرہ کیا۔ ان کی شخصیت دینی اور عصری علوم کا حسین امتزاج ہے جو انہیں ایک متوازن اور دور اندیش تعلیمی رہنما بناتا ہے۔ آج کے دور میں تعلیمی نظام کو جن چیلنجز کا سامنا ہے ان میں ادارہ جاتی بہتری، اساتذہ کے مسائل کا حل اور طلبہ کے لیے معیاری تعلیم کی فراہمی سرفہرست ہیں۔ ایسے میں مولوی حافظ عبد الاحد جیسے باصلاحیت، بااخلاق اور تجربہ کار فرد کا ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے منصب پر فائز ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ اب تعلیمی میدان میں مثبت تبدیلیوں کی راہ ہموار ہوگی۔ حافظ محمد صدیق مدنی نے مذید کہا کہ مولوی حافظ عبد الاحد کی قیادت میں اساتذہ کو درپیش مسائل کے حل، سکولوں کی کارکردگی میں بہتری اور تعلیمی ماحول کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کی امید کی جا سکتی ہے۔ یہ بھی ایک اہم حقیقت ہے کہ وہ ایک ایسے پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں جہاں دینی اقدار، اخلاقی تربیت اور سماجی ذمہ داریوں کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ یہی اوصاف انہیں ایک بہترین منتظم اور رہنما بناتے ہیں۔ ان کی سادہ مزاجی، خوش اخلاقی اور لوگوں کے ساتھ حسن سلوک انہیں دیگر افسران سے ممتاز بناتا ہے۔ حافظ محمد صدیق مدنی نے مذید کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ مولوی حافظ عبد الاحد اپنی خداداد صلاحیتوں، تجربے اور خلوصِ نیت کے ساتھ اپنے فرائض منصبی کو احسن طریقے سے انجام دیتے ہوئے نہ صرف ضلع چمن کے تعلیمی نظام کو مضبوط کریں گے بلکہ اساتذہ اور طلبہ کے لیے ایک مثالی ماحول بھی فراہم کریں گے۔ ان کی قیادت میں تعلیمی ادارے ترقی کی نئی منازل طے کریں گے اور ایک مثبت و روشن تعلیمی مستقبل کی بنیاد رکھی جائے گی۔ ہم دل کی گہرائیوں سے مولوی حافظ عبد الاحد کو اس اہم ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ رب العزت انہیں صحت، کامیابی اور مزید خدمتِ تعلیم کی توفیق عطاء فرمائے۔ آمین۔
