پاکستان ۳۱ مئی ۲۰۲۶

پی ٹی آئی کے متعدد ارکان اسمبلی وزیراعلیٰ سے نالاں، ناراض ارکان کے اجلاس کا امکان

کوئٹہ (صداقت نیوز)خیبر پشتونخوا میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے 20 سے زائد ارکانِ اسمبلی وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سے ناخوش بتائے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ناراض ارکان کا مؤقف ہے کہ صوبے میں گورننس اور امن و امان کی صورتحال ابتر ہو چکی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ بیوروکریسی سے اپنی پالیسیوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام نظر آتے ہیں، کیونکہ متعدد افسران صوبائی حکومت کے بجائے وفاقی احکامات کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ارکانِ اسمبلی نے کئی مرتبہ اپنے تحفظات وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھے، تاہم ان پر خاطر خواہ پیش رفت نہ ہو سکی۔ فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم اور کابینہ میں توسیع کے معاملات پر بھی شدید تحفظات پائے جاتے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ ناراض ارکان اپنے آئندہ لائحۂ عمل اور حکمتِ عملی طے کرنے کے لیے جلد ایک اجلاس طلب کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان نے گروپ بندی سے متعلق خبروں کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو بانی پی ٹی آئی کا مکمل اعتماد حاصل ہے اور تقسیم کی افواہیں پھیلانے والے ناکام ہوں گے۔