کوئٹہ (صداقت نیوز) الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل آرگنائزیشن بلوچستان کے صوبائی ترجمان نے بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں نجی سیکیورٹی گارڈز کی جانب سے سینئر رجسٹرار جنرل سرجن پر مبینہ لاٹھی چارج اور تشدد کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل نہ صرف ایک معزز ڈاکٹر بلکہ پورے طبی شعبے کی توہین کے مترادف ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز اور طبی عملہ شب و روز عوام کو علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کرنے میں مصروف ہیں، ایسے میں ان کے ساتھ بدسلوکی، تشدد اور غیر انسانی رویہ افسوسناک، شرمناک اور ناقابلِ برداشت ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ہسپتال جیسے حساس اداروں میں طبی عملے کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے ان پر حملے حکومتی اور انتظامی ناکامی کا واضح ثبوت ہیں، جبکہ صوبائی حکومت اور محکمہ صحت کی خاموشی اور غفلت کے باعث اس نوعیت کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ترجمان نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے اور ہسپتالوں میں ڈاکٹرز و طبی عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
