دنیا ۳۱ مئی ۲۰۲۶

چین جوہری میزائل سائلوس کے قریب لانچ پیڈز تعمیر کر رہا ہے، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

کوئٹہ (صداقت نیوز) بھارتی میڈیا نے سیٹلائٹ تصاویر کی بنیاد پر دعویٰ کیا ہے کہ چین اپنے جوہری میزائل سائلوس کے قریب وسیع فوجی ڈھانچے تعمیر کر رہا ہے، جن میں لانچ پیڈز، بنکرز، ایئر فیلڈز، اسلحہ گودام اور مواصلاتی مراکز شامل ہیں۔ رپورٹس کے مطابق شمال مغربی صحرائی علاقوں میں 80 سے زائد نئے لانچ پیڈز اور دفاعی تنصیبات قائم کی جا رہی ہیں، جبکہ دفاعی ماہرین کے مطابق یہ اقدامات ممکنہ پہلے حملے کے بعد بھی جوابی جوہری کارروائی کی صلاحیت برقرار رکھنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ بھارتی میڈیا میں شائع تجزیوں کے مطابق یہ منصوبہ چین کی اسٹریٹجک دفاعی حکمتِ عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ امریکا کے محکمۂ دفاع پہلے ہی خبردار کر چکے ہیں کہ چین اپنی جوہری صلاحیت میں تیزی سے اضافہ کر رہا ہے اور 2030 تک اس کے جوہری ہتھیاروں کی تعداد ایک ہزار تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے چین کی بڑھتی عسکری سرگرمیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھنا چاہتا ہے تاہم بیجنگ کے ساتھ احترام اور نیک نیتی پر مبنی تعلقات کا خواہاں بھی ہے۔