کوئٹہ (صداقت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی ایک سکے کے دو رخ ہیں اور گلگت بلتستان کے انتخابات کو متنازع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اسلام آباد میں تحریک تحفظ آئین میں شامل سیاسی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ وہ گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے سلسلے میں اسکردو روانہ ہو رہے تھے مگر راستے بند کیے گئے، ابتدا میں انہیں سیکیورٹی وجوہات کا گمان ہوا لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ سڑک ان کی آمد کی وجہ سے بند کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین بشمول بلاول بھٹو اور امیر مقام انتخابی مہم کے لیے گلگت بلتستان جا رہے ہیں، لہٰذا اگر انتخابات اسی انداز میں کرانے ہیں تو پھر انتخاب کے بجائے سلیکشن کر لی جائے اور عوامی وسائل ضائع نہ کیے جائیں۔ اسد قیصر نے کہا کہ ان کی جماعت کو اقتدار ملا تو گلگت بلتستان کو ایک اہم سیاحتی مرکز بنایا جائے گا، جبکہ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ امیدواروں کو انتخابی مہم کا حق نہ دینا جمہوری عمل کی نفی ہے اور ملک میں سیاسی افہام و تفہیم اور نئے میثاقِ سیاست کی ضرورت ہے۔
