کوئٹہ (صداقت نیوز)آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کپتان جوش انگلس نے پاکستانی عوام کی مہمان نوازی اور خوش اخلاقی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے لوگ بہت اچھے اور بے حد مہمان نواز ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہیں پاکستان آنا ہمیشہ پسند رہا ہے۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ پاکستان کی مہمان نوازی ہمیشہ مثالی رہی ہے اور یہاں آکر انہیں اور ان کی ٹیم کو خوشگوار ماحول میسر آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام غیرملکی مہمانوں کا کھلے دل سے استقبال کرتے ہیں، جو ایک مثبت تاثر قائم کرتا ہے۔جوش انگلس نے کہا کہ گرم موسم میں کرکٹ کھیلنا ہمیشہ ایک چیلنج ہوتا ہے، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ میچز کے آغاز کے ساتھ موسم نسبتاً بہتر ہونا شروع ہوجاتا ہے، جس سے کھلاڑیوں کو کھیلنے میں آسانی ملتی ہے۔انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو مضبوط حریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ہرگز آسان نہیں لیا جاسکتا کیونکہ یہ ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈز اور سازگار حالات میں کسی بھی ٹیم کے لیے سخت چیلنج ثابت ہوسکتی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ کل راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، جبکہ اس موقع پر ون ڈے ٹرافی کی شاندار رونمائی بھی کی گئی ہے۔
