کوئٹہ،(صداقت نیوز) نوحصار میں گندم کی تیار فصلوں کو نامعلوم افراد کی جانب سے آگ لگائے جانے کا سلسلہ تشویشناک صورت اختیار کرگیا ہے، جہاں مسلسل دوسرے روز بھی گندم کی فصل میں آگ بھڑکنے کا واقعہ پیش آیا۔ مقامی ذرائع اور متاثرہ کاشتکاروں کے مطابق گزشتہ روز بھی اسی مقام پر گندم کی فصل کو آگ لگائی گئی تھی، جبکہ آج دوبارہ آگ بھڑکنے سے وسیع رقبے پر کھڑی فصل متاثر ہوئی۔اطلاع ملتے ہی میٹروپولیٹن فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور شام کے وقت آگ پر قابو پاکر اسے مزید پھیلنے سے روک دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر تخریب کاری کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم حتمی وجوہات کا تعین تفتیش کے بعد ہی ممکن ہوگا۔ڈائریکٹر فائر سروسز عبدالحق خان کے مطابق فائر بریگیڈ عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو قریبی فصلوں تک پھیلنے سے روکا، بصورت دیگر نقصان مزید بڑھ سکتا تھا۔مقامی کاشتکاروں اور علاقہ مکینوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک سیکڑوں ایکڑ یا بڑی مقدار میں گندم کی تیار فصل آگ کی نذر ہوچکی ہے، جس کے باعث کسانوں کو لاکھوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلسل واقعات کے باوجود متعلقہ انتظامیہ مؤثر روک تھام، نگرانی اور ذمہ دار عناصر کی گرفتاری میں تاحال کامیاب دکھائی نہیں دیتی۔
علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نوحصار میں فصلوں کو آگ لگانے کے پے در پے واقعات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سکیورٹی اور نگرانی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ کسانوں کی محنت اور قیمتی زرعی پیداوار کو مزید نقصان سے بچایا جاسکے۔
