دنیا ۲۹ مئی ۲۰۲۶

بھارت: جہیز اور ہراسانی کے الزامات، سابق جج ساس گرفتار

مدھیہ پردیش (صداقت نیوز)بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال میں سابق ’مس پونے‘ 33 سالہ توئشا شرما کی پراسرار موت کے کیس میں سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے مقتولہ کی ساس اور سابق جج گربیلہ سنگھ کو گرفتار کرلیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق خاتون کی موت کے معاملے میں جہیز کے مطالبات، ذہنی و جسمانی ہراسانی، شواہد میں ردوبدل اور حمل ضائع کروانے کے لیے دباؤ ڈالنے جیسے سنگین الزامات کے تحت تفصیلی تحقیقات کی گئیں۔ تفتیش کے دوران واٹس ایپ پیغامات، ڈیجیٹل ریکارڈ، فارنزک شواہد اور جائے وقوعہ کا جائزہ لیا گیا جبکہ مقتولہ کے جسم پر پائے جانے والے زخموں سے متعلق بھی پوچھ گچھ کی گئی۔ حکام کے مطابق مقتولہ کا شوہر پہلے ہی عدالتی تحویل میں ہے جبکہ کیس بھارتی سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ اہلِ خانہ کا مؤقف ہے کہ توئشا شرما کو شادی کے بعد مسلسل ذہنی و جسمانی تشدد کا سامنا رہا اور انہوں نے موت سے قبل اپنی والدہ کو بھیجے گئے پیغامات میں شدید اذیت اور خوف کا اظہار کیا تھا۔