کھیل ۲۹ مئی ۲۰۲۶

نوجوان پاکستانی فٹبالرز اہم ایونٹ میں شرکت سے محروم ہوگئے.

اسلام اباد (صداقت نيوز)پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) میں طویل المدتی منصوبہ بندی اور مالی وسائل کی کمی کے باعث پاکستان کے نوجوان فٹبالرز ایک بار پھر اہم بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت سے محروم ہوگئے ہیں۔ ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کی جانب سے انڈر 20 ایشین کپ 2027ء کے کوالیفائنگ مرحلے کے ڈراز جاری کیے گئے، تاہم پاکستان اس ایونٹ میں شامل نہیں ہے۔ پی ایف ایف ترجمان کے مطابق فنڈز کی قلت کے باعث قومی انڈر 20 ٹیم کو کوالیفائرز میں نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس حوالے سے اپریل میں ہی اے ایف سی کو آگاہ کردیا گیا تھا۔ رواں سال اگست میں ہونے والے کوالیفائرز اور اگلے سال چین میں شیڈول اے ایف سی انڈر 20 ایشین کپ سے مسلسل تیسری بار باہر رہنے کے باعث نوجوان کھلاڑی ایک اہم عالمی پلیٹ فارم پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار سے محروم رہ جائیں گے، جبکہ فٹبال حلقوں میں فیڈریشن کی منصوبہ بندی اور نوجوان ٹیموں کے لیے بنیادی فنڈز کی عدم فراہمی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔