کوئٹہ ( صداقت انٹرنیشنل نیوز)ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا عوامی مفاد کے منصوبوں میں کسی بھی قسم کی مداخلت یا بدعنوانی ناقابل برداشت ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی تاکہ سرکاری وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے ضلع میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے جاری بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فیز ون واٹر کورس لائننگ منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد کاظم لونی نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبے پر پیش رفت، واٹر کورس کو پختہ بنانے کی افادیت، عوامی فوائد، درپیش تکنیکی و انتظامی چیلنجز اور واٹر چینل سے غیر قانونی طریقے سے پانی چوری کرنے والے عناصر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد پانی کے ضیاع کو روکنا، فراہمی کے نظام کو بہتر بنانا اور شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانا ہے۔ ڈپٹی کمشنر خالد خان نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی کے عوامی فلاحی وژن اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں بی ایس ڈی آئی اسکیم متعارف کروائی گئی ہے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں آب نوشی کی بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی شفاف تکمیل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ واٹر کورس اور واٹر چینل پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی سرکاری ملکیت ہیں، لہذا ان سے غیر قانونی طریقے سے پانی چوری کرنے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے یا منصوبے میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ معیار اور رفتار کے مطابق مکمل کیا جائے جبکہ درپیش مسائل، تکنیکی رکاوٹوں اور غیر قانونی سرگرمیوں کے سدباب کے لیے فوری اور مثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے حکومتی مشن کو کامیاب بنایا جا سکے۔
