مقامی ۲۷ مئی ۲۰۲۶

عیدالاضحی ذاتی مفادات کو اللہ کی رضا کے تابع کرنے اور کامل تسلیم و رضا کا نام ہے، مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ صداقت ویب نیوز)جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی نائب امیر اور ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق نے عیدالاضحی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ عیدالاضحی صرف جانوروں کی قربانی کا نام نہیں بلکہ یہ حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل کی بے مثال صبر، ایثار، وفاداری اور اللہ تعالی کے ہر حکم کے سامنے کامل تسلیم و رضا کے جذبے کی یاد تازہ کرنے کا دن ہے۔ یہ دن ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ انسان اپنی خواہشات، انا، ذاتی مفادات اور دنیاوی لالچ کو اللہ تعالی کی رضا کے تابع کرنا سیکھے انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی ہمیں اخوت، محبت، ہمدردی، صبر، برداشت اور ایثار کا وہ عملی پیغام دیتی ہے جس کی آج معاشرے کو سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ آج امتِ مسلمہ جن فکری، اخلاقی اور سماجی چیلنجز سے دوچار ہے ان سے نکلنے کے لیے ہمیں قربانی کے حقیقی فلسفے کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں اپنانا ہوگا۔ مولانا عبدالرحمن رفیق نے علما کرام سے اپیل کی کہ وہ اپنے خطبات میں عیدالاضحی کے حقیقی مقاصد کو اجاگر کریں نوجوان نسل کی فکری اخلاقی اور دینی تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور انہیں مادہ پرستی بے راہ روی، نفرت، تعصب اور انتشار سے بچانے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں انہوں نے عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ عید کی خوشیوں میں غریبوں، یتیموں، بیواں اور معاشرے کے محروم طبقات کو ہرگز فراموش نہ کریں۔ قربانی کا اصل حسن اسی وقت نمایاں ہوتا ہے جب اس کے ذریعے محبت، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کو فروغ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کا پیغام یہی ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو اللہ تعالی کی رضا انسانیت کی بھلائی اور امت کے اتحاد کے لیے وقف کریں۔ اللہ تعالی امتِ مسلمہ کو اتحاد، امن، استحکام اور حقیقی اسلامی اخوت کی دولت سے مالامال فرمائے۔