مقامی ۲۷ مئی ۲۰۲۶

وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت عیدالاضحی کے انتظامات کا جائزہ اجلاس، کالعدم تنظیموں پر کھالیں جمع کرنے پر پابندی

کوئٹہ (صداقت ویب نیوز)وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت عیدالاضحی کے موقع پر صوبے بھر میں سیکیورٹی، صفائی ستھرائی، قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے اور مجموعی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منگل کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان، ڈویژنل کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی جبکہ وزیر اعلی بلوچستان کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عبدالروف بلوچ ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہ زیب خان کاکڑ ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ زاہد خان خلجی اور صفا کوئٹہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی اجلاس میں شریک ہوئے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ عیدالاضحی کے موقع پر صوبے بھر میں کالعدم تنظیموں کو قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح ہدایت کی کہ امن و امان اور قانون کی عملداری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن زاہد خان خلجی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عیدالاضحی کے دوران کوئٹہ شہر کو پانچ زونز میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں جمع کرنے کے لیے 15 خصوصی کولیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عید کے تین روز کے دوران شہر بھر سے تقریبا 4 ہزار 294 ٹن کچرا جمع ہونے کی توقع ہے جسے بروقت ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اجلاس کو بتایا گیا کہ صفائی آپریشن کے لیے 9500 چھوٹی بڑی مشینری اور متعلقہ عملہ تیار رکھا گیا ہے جبکہ صوبے کے تمام ڈویژنل اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے لیے ضرورت کے مطابق مشینری کرائے پر لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے وزیر اعلی بلوچستان نے صفائی آپریشن کو ہر صورت مثر، بروقت اور عوام دوست بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ سمیت تمام بڑے شہروں میں انتظامات کے حوالے سے واضح اور مثبت تبدیلی نظر آنی چاہیے اجلاس میں عیدالاضحی کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 54 بڑی عید گاہوں اور مساجد میں نماز عید کے اجتماعات ہوں گے جن کے لیے جامع سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے سیکیورٹی صورتحال کی نگرانی کے لیے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے جو عید کے دوران چوبیس گھنٹے فعال رہے گا صفا کوئٹہ کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ ادارے کی ٹیمیں شہر کے 15 متعین کردہ مقامات سے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں جمع کریں گی جبکہ صفائی اور آلائشوں کی بروقت تلفی کے لیے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کی شکایات اور ضروری امور کو فوری طور پر نمٹایا جا سکے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں سے متعلق عوامی آگاہی اور تشہیری مہم کو مزید تیز کیا جائے تاکہ شہریوں میں صفائی سے متعلق شعور اور تعاون کو فروغ دیا جا سکے انہوں نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز عیدالاضحی کے دوران مساجد اور عید گاہوں کے اسپیکرز کے ذریعے عوام سے صفائی مہم میں تعاون کی اپیل کریں وزیر اعلی بلوچستان نے تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈی آئی جیز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطہ کاری اور مثر حکمت عملی کے ذریعے تمام انتظامی امور کی انجام دہی یقینی بنائیں انہوں نے آئی جی پولیس بلوچستان کو ہدایت کی کہ عیدالاضحی کے موقع پر صوبے بھر بالخصوص ضلعی ہیڈکوارٹرز، عید گاہوں اور مساجد کی سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہری پرامن ماحول میں مذہبی فرائض انجام دے سکیں۔