مقامی ۲۷ مئی ۲۰۲۶

عیدالاضحی پر بجلی کی لوڈشیڈنگ اور گیس کی بندش قبول نہیں، عوام کو حقیقی ریلیف دیا جائے، کاشف حیدری

کوئٹہ (صداقت ویب نیوز)مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے تمام عالمِ اسلام بالخصوص اہلیانِ بلوچستان کو عیدالاضحی کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالاضحی ایثار، قربانی، بھائی چارے اور دکھی انسانیت کے احساس کا عظیم درس دیتی ہے۔ عید کا اصل مفہوم اور پیغام یہی ہے کہ غربا، نادار، یتیم اور مستحق افراد کو بھی اپنی خوشیوں میں برابر کا شریک بنایا جائے تاکہ کوئی بھی فرد محرومی محسوس نہ کرے۔ صاحبِ استطاعت افراد کو چاہیے کہ وہ اپنے اردگرد موجود ضرورت مند خاندانوں کا خصوصی خیال رکھیں اور قربانی کی خوشیوں کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں کیونکہ یہی عیدالاضحی کی حقیقی روح ہے۔انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ عید کے موقع پر عوام کو بجلی، گیس، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ ہر سال عید کے دنوں میں لوڈشیڈنگ، گیس کی بندش اور پانی کی قلت شہریوں کے لیے شدید مشکلات پیدا کرتی ہے، اس لیے کیسکو، سوئی سدرن گیس کمپنی اور دیگر متعلقہ ادارے صرف دعووں اور بیانات تک محدود رہنے کے بجائے عملی اقدامات کریں تاکہ عوام پرسکون ماحول میں عید منا سکیں۔ کاشف حیدری نے مزید کہا کہ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان اور بلوچستان کے مطالبے پر عید سیزن کے موقع پر اسمارٹ لاک ڈان میں نرمی اور پابندیاں ختم کرنے پر وہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے تاجروں اور کاروباری طبقے کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مثبت اقدامات کیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عید کے دوران صفائی ستھرائی، آلائشوں کی بروقت تلفی، سیکیورٹی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی مثر انتظامات کیے جائیں۔