مقامی ۲۷ مئی ۲۰۲۶

قلعہ عبداللہ میں عیدالاضحی پر امن و امان اور صفائی کے لیے ڈپٹی کمشنر منور حسین مگسی کی زیرِ صدارت اہم اجلاس

قلعہ عبداللہ( صداقت ویب نیوز)ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ منور حسین مگسی کی زیرِ صدارت عیدالاضحی کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور بین القبائلی ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر کے مختلف قبائلی، سیاسی اور سماجی عمائدین، معتبرینِ علاقہ اور ضلعی انتظامیہ کے اعلی افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر منور حسین مگسی نے کہا کہ عیدالاضحی کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اور عید کے ایام میں عوام کو سہولیات کی فراہمی، امن و امان، ٹریفک کی روانی، صفائی ستھرائی اور قربانی کی منڈیوں کی نگرانی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے قبائلی و سماجی عمائدین پر زور دیا کہ وہ علاقے میں بھائی چارے اور رواداری کی فضا برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ اجلاس میں شریک عمائدین نے بھی انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس کے دوران عید کے لیے خصوصی حکمتِ عملی ترتیب دی گئی، جس میں حساس مقامات کی نگرانی، بازاروں میں سیکیورٹی انتظامات کو مثر بنانے، اور عید پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے پر اتفاق کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے کنٹرول روم کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے جبکہ پولیس، لیویز اور میونسپل کمیٹی باہمی رابطے کے ذریعے فرائض انجام دیں تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔