کوئٹہ (صداقت ویب نیوز)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی )کیسکو( نے عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران صوبے بھر میں بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ اس سلسلے میں بروز منگل 26 مئی شام 6 بجے سے جمعہ 29 مئی کی رات 12 بجے تک صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہر کے تمام فیڈروں کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مکمل طور پر مستثنی قرار دے دیا گیا ہے۔ کیسکو اعلامیے کے مطابق، کوئٹہ شہر کے علاوہ صوبے کے دیگر تمام سٹی و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز کے فیڈروں پر بھی عید کی تعطیلات کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی، تاہم بلوچستان بھر میں موجود تمام رورل (دیہی) فیڈروں کو ان کے سابقہ مقررہ شیڈول کے مطابق ہی بجلی فراہم کی جائے گی۔عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیسکو پاور ڈسٹری بیوشن سینٹر (پی ڈی سی) میں ایک مرکزی ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، جو بجلی کی فراہمی اور مجموعی صورتحال کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کرے گا۔ یہ کنٹرول روم تمام فیڈروں سے بجلی کی بندش یا کسی بھی علاقے میں تکنیکی خرابی کی صورت میں بجلی کی دوبارہ بحالی کے لیے متعلقہ سب ڈویژن کو فوری کارروائی کا پابند بنائے گا۔ اس کے علاوہ، کیسکو کے تمام آپریشن سرکلز، ڈویژن اور سب ڈویژن کی سطح پر بھی ذیلی کنٹرول رومز قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ انفرادی شکایات کا ازالہ کم سے کم وقت میں کیا جا سکے۔ کیسکو نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ شکایات کے لیے اپنے متعلقہ سب ڈویژن کے کمپلینٹ سینٹر، مرکزی ہیلپ لائن 118، یا موبائل سے 8118 پر بل کا حوالہ نمبر ایس ایم ایس کر کے درج کروائیں۔
