کوئٹہ(یو(صداقت نیوز))پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے سمنگلی ایئر بیس چیک پوسٹ پر تعینات ایف سی اہلکاروں نے مقامی عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سمنگلی، نوحصار، غبرگ اور گرد و نواح کے علاقوں کے رہائشی، تاجر، مزدور، طلبا، ڈرائیورز اور عام شہری روزانہ کی بنیاد پر شدید مشکلات، ذہنی اذیت، غیر ضروری پوچھ گچھ اور ناروا سلوک کا سامنا کر رہے ہیں، جس کے باعث علاقے کے عوام میں شدید بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ایف سی کو علاقے میں امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ، دہشت گردی کے خاتمے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے تعینات کیا گیا تھا، مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ متعلقہ اہلکار اپنی بنیادی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے بجائے عام شہریوں، تاجروں اور مزدوروں کو ہراساں کرنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں آئے روز چوری، ڈکیتی، رہزنی، موٹر سائیکل چوری، منشیات فروشی اور دیگر جرائم کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، لیکن ان جرائم کی روک تھام کے بجائے نہتے عوام کو بلاجواز تنگ کیا جا رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایف سی اہلکار اپنی آئینی اور قانونی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے بازاروں میں چھاپے مارنے، تاجروں کے کاروبار میں مداخلت کرنے، دکانوں میں داخل ہو کر مختلف اشیا کی جانچ پڑتال کرنے اور بعض اوقات تجارتی سامان کو ضبط کرنے جیسے اقدامات کر رہے ہیں، حالانکہ یہ اختیارات ان کے دائرہ اختیار میں شامل نہیں۔ سمنگلی بازار، نوحصار، غبرگ اور دیگر ملحقہ علاقوں کے تاجروں نے شکایت کی ہے کہ کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں اور عوام میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو چکی ہے۔ پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ ملکی قوانین کے مطابق بارڈر سے پندرہ کلومیٹر کے مخصوص دائرے میں بعض معاملات میں محدود اختیارات متعلقہ اداروں، خصوصا کسٹمز حکام، کو حاصل ہوتے ہیں، مگر اس کے باوجود ایف سی اہلکار اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور عام شہریوں کو مسلسل ہراساں کر رہے ہیں۔ عوام کے سامان کی بار بار تلاشی لینا، گاڑیوں کو غیر ضروری طور پر روکنا، لوگوں کو گھنٹوں انتظار پر مجبور کرنا اور بازاروں میں خوف و ہراس پھیلانا ناقابلِ برداشت صورتحال اختیار کر چکا ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کہا کہ اگر ایف سی واقعی علاقے میں امن و امان قائم کرنے میں سنجیدہ ہے تو انہیں جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، چوروں، ڈاکوں اور بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف مثر کارروائی کرنی چاہیے، نہ کہ غریب دکانداروں، محنت کشوں، مزدوروں اور عام شہریوں کو تنگ کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے انہیں خوف، بے چینی، ذہنی دبا اور معاشی مشکلات سے دوچار کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ریاستی اداروں پر عوامی اعتماد بھی متاثر ہو رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ان ناروا اقدامات کے باعث مقامی تاجروں کا کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے، روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور معاشی مشکلات کا شکار ہیں جبکہ طلبا اور ملازمین کو بھی آمد و رفت میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پارٹی نے کہا کہ ریاستی اداروں کا بنیادی فرض عوام کو تحفظ، سہولت اور اعتماد فراہم کرنا ہے، نہ کہ انہیں خوفزدہ کرنا یا ان کی عزتِ نفس مجروح کرنا۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے وفاقی و صوبائی حکومت، متعلقہ سول انتظامیہ، چیف سیکرٹری بلوچستان، کمشنر کوئٹہ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور اعلی عسکری حکام سے مطالبہ کیا کہ سمنگلی ایئر بیس چیک پوسٹ پر ایف سی اہلکاروں کی جانب سے عوام کے ساتھ روا رکھے جانے والے ناروا سلوک، اختیارات کے ناجائز استعمال، بازاروں میں بلاجواز مداخلت اور تاجروں کو ہراساں کرنے کا فوری نوٹس لیا جائے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ عوام کو تنگ کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے، ایف سی اہلکاروں کو اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے فرائض انجام دینے کا پابند بنایا جائے، تاجروں، مزدوروں، طلبا اور عام شہریوں کے آئینی و انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے، چیک پوسٹوں پر شہریوں کے ساتھ عزت و احترام پر مبنی رویہ اختیار کیا جائے اور علاقے میں امن و امان کی حقیقی بہتری کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام میں پائی جانے والی بے چینی، خوف اور اضطراب کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
