مقامی ۲۵ مئی ۲۰۲۶

عوام دوست سیاست کی بدولت پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی پر عوامی اعتماد بڑھ رہا ہے، رضا محمد رضا

شیرانی (صداقت نیوز )پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین اور سابق سینیٹر رضا محمد رضا نے کہا ہے کہ مختلف سیاسی کارکنوں، نوجوانوں اور باشعور افراد کی روز بروز پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی میں شمولیت اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پارٹی کی اصولی، نظریاتی اور عوام دوست سیاست پر عوام کا اعتماد مسلسل بڑھ رہا ہے، جو نہایت خوش آئند اور حوصلہ افزا عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اپنے اسلاف اور قومی اکابرین کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے پشتون عوام کی ملی امنگوں، قومی حقوق اور جمہوری خواہشات کی حقیقی ترجمان جماعت کے طور پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور پشتون ملی نجات کی تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہمدرد شیرانی کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ہمدرد شیرانی، مجید ایثار سمیت مختلف خاندانوں سے تعلق رکھنے والے اکیس نوجوانوں اور سیاسی کارکنوں نے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا۔ پارٹی رہنماں اور کارکنوں نے نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے ان کی شمولیت کو پارٹی کے لیے نیک شگون قرار دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رضا محمد رضا نے کہا کہ پشتون قومی تحریک کی تاریخ قربانیوں، جدوجہد اور قومی شعور سے عبارت ہے۔ بابائے افغان سیاست عبدالرحیم خان مندوخیل، سائیں کمال خان شیرانی، محمد جان لالا اور دیگر قومی رہنماں نے پشتون قومی تحریک کو نظریاتی، سیاسی اور جمہوری بنیادوں پر منظم کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ انہی رہنماں کی قربانیوں اور سیاسی بصیرت کی بدولت آج پشتون قومی تحریک ایک مضبوط سیاسی حقیقت کے طور پر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ایک قومی، جمہوری اور ترقی پسند سیاسی جماعت ہے جو پشتون عوام کے قومی حقوق، امن، ترقی، سماجی انصاف، جمہوریت اور عوامی خوشحالی کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ پارٹی نے ہمیشہ قومی تشخص کے تحفظ، محکوم اقوام کے حقِ خودارادیت، آئینی بالادستی، پارلیمانی جمہوریت اور عوامی حقوق کے دفاع کے لیے ہر سطح پر مثر آواز بلند کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی، معاشی اور سماجی حالات میں عوام شدید مشکلات اور بے یقینی کا شکار ہیں۔ بدامنی، بے روزگاری، مہنگائی، سیاسی عدم استحکام، وسائل پر قبضے اور قومی محرومیوں نے پشتونخوا وطن کے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ایسے حالات میں باشعور عوام کی قومی سیاسی تحریک کے ساتھ وابستگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام اپنے مسائل کا حل قومی، جمہوری اور نظریاتی سیاست میں دیکھتے ہیں۔ رضا محمد رضا نے کہا کہ پشتونخوا وطن کے مسائل کے حل، قومی وسائل کے تحفظ، نوجوانوں کے روشن مستقبل، امن و امان کے قیام اور قومی وحدت کے استحکام کے لیے ایک مضبوط، منظم اور فعال سیاسی جدوجہد وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو قومی سیاست میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ایک باوقار، ترقی یافتہ، پرامن اور خوشحال معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔

انہوں نے نئے شامل ہونے والے ساتھیوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کے نظریے اور پیغام کو گھر گھر پہنچائیں، عوام کے ساتھ اپنے روابط مضبوط بنائیں اور تنظیم کو مزید فعال، متحرک اور منظم بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی شعور، تنظیمی اتحاد اور مسلسل عوامی رابطہ ہی قومی تحریکوں کی کامیابی کی ضمانت ہوتے ہیں۔ آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی قومی حقوق، جمہوریت، امن، ترقی، عوامی خوشحالی اور قومی خودمختاری کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد مزید مثر انداز میں جاری رکھے گی اور ہر قسم کی ناانصافی، جبر، محرومی اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف عوام کی آواز بنتی رہے گی۔ اس موقع پر پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز نیک خروٹی اور نازک شیرانی، پارٹی رہنماں سید محمد اور ملک لونگ، پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے صوبائی سینئر معاون سیکرٹری ایمل ساروان، مامون شعور، حبیب شیرانی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔