(صداقت نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے وزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورہ چین کو دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوستی، اقتصادی تعاون اور علاقائی ترقی کے فروغ کیلئے انتہائی اہم قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں اور دونوں ممالک کی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ ترقی پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ چین سے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ سی پیک منصوبے پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ بلوچستان سمیت پسماندہ علاقوں میں روزگار، مواصلات اور صنعتی ترقی کے نئے دروازے کھول رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری خطے میں امن، استحکام اور ترقی کیلئے نہایت اہم ہے۔
