پاکستان ۲۴ مئی ۲۰۲۶

ترقی کے سفر میں پاکستان جلد چین کا ہمقدم ہوگا: وزیراعظم شہباز شریف

(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو قرض نہیں بلکہ مہارت اور سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ چینی صوبے ہینگژو میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقی کے سفر میں پاکستان جلد چین کا ہمقدم ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ چین کے ساتھ اربوں ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں جن میں سے 30 فیصد کو معاہدوں میں تبدیل کیا جا چکا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت زراعت، آئی ٹی، اکنامک زونز اور مائنز اینڈ منرلز کے شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کو فروغ دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پانچ سے سات سال میں چین کے ساتھ زرعی تجارت کو 10 ارب ڈالر سالانہ تک لے جانے کا ہدف ہے، جبکہ کراچی میں 6 ہزار ایکڑ پر عالمی معیار کا خصوصی اقتصادی زون بنایا جا رہا ہے جس میں ون ونڈو آپریشن اور ریڈ کارپٹ ٹریٹمنٹ فراہم کی جائے گی۔بعد ازاں وزیراعظم نے علی بابا ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں ایگزیکٹو چیئرمین جوسائی نے ان کا استقبال کیا۔ علی بابا کے چیئرمین نے پاکستان کے خطے میں امن کے کردار اور صحت عامہ کے شعبے میں پیش رفت کو سراہا اور کہا کہ انسانی وسائل پر توجہ انتہائی اہم ہے۔