پاکستان ۲۴ مئی ۲۰۲۶

پاک چین دوستی غیرمعمولی قومی اتفاقِ رائے کی علامت ہے، احسن اقبال

(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی پاکستان میں مضبوط اور غیرمعمولی قومی اتفاقِ رائے کی حیثیت رکھتی ہے۔ ”چائنا پاکستان پولیٹیکل پارٹیز فورم“ اور سی پیک سیاسی جماعتوں کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر تمام سیاسی جماعتیں مکمل یکجہتی کے ساتھ اس دوستی کی حمایت کرتی ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا فلیگ شپ پروگرام ہے جس نے پاکستان کی معیشت اور ترقی کے منظرنامے کو بدل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک 2.0 کے تحت صنعتی ترقی، ٹیکنالوجی، زراعت، ماحولیاتی پائیداری اور عوامی فلاح پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین نے ترقی، ٹیکنالوجی اور غربت کے خاتمے میں دنیا کے لیے مثال قائم کی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاک چین دوستی کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے اور تعلیم، مصنوعی ذہانت، ٹیکنالوجی اور نوجوان قیادت کے تبادلوں کو مزید فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت تمام جاری اور مستقبل کے سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل اور پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں و اداروں کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔