مقامی ۲۴ مئی ۲۰۲۶

کوئٹہ ٹرین دہشت گردی کا واقعہ انسانیت سوز اور بدترین کارروائی ہے، سینیٹر جان محمد بلیدی

کوئٹہ (روزنامہ صداقت انٹرنیشنل)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر جان محمد بلیدی نے کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب مسافر ٹرین پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک انتہائی انسانیت سوز اور افسوسناک واقعہ قرار دیا ہے۔ اپنے ایک جاری کردہ بیان میں سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ اس بزدلانہ دہشت گرد حملے میں معصوم و بے گناہ نوجوان، بچے اور خواتین نشانہ بنے ہیں، جس پر جتنا بھی افسوس کیا جائے کم ہے۔ انہوں نے اس المناک واقعے میں شہید ہونے والے افراد کے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلی مقام اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔سینیٹر جان محمد بلیدی نے حکومت اور مقتدر حلقوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ریاست اور حکومت کی بنیادی آئینی و اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اس اندوہناک واقعے میں متاثر اور زخمی ہونے والے تمام افراد کو فوری اور بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرے، اور شہریوں کو پہنچنے والے جانی و مالی نقصانات کا مکمل ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے نیشنل پارٹی کے اصولی مقف کو دہراتے ہوئے واضح کیا کہ ہماری جماعت ہمیشہ سے پرامن، سیاسی اور جمہوری جدوجہد پر کامل یقین رکھتی ہے، اور سیاسی مقاصد یا کسی بھی نام پر کی جانے والی ہر طرح کی دہشت گردی، تشدد اور بے گناہ انسانوں کے خون بہانے کو ایک سنگین اور قابلِ مذمت عمل گردانتی ہے۔