چمن( سید سردار محمد خوندئی )
پاکستان بونڈڈ کیرئیر کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور چمن چیمبر آف کامرس کے سابق صدر حاجی جلات خان اچکزئی نے کمانڈر 12 کور بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین کی جانب سے بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام، بندوق کے کلچر کے خاتمے اور سرحدی تجارت کی بحالی کے حوالے سے دیے گئے بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں حاجی جلات خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان کے زمینی حقائق اور عوام کی معاشی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے کور کمانڈر بلوچستان کی جانب سے سرحدی تجارت کی ضرورت کا ادراک خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان، خصوصاً سرحدی اضلاع کے عوام کی معیشت کا ایک بڑا حصہ سرحدی تجارت سے وابستہ ہے۔ ہزاروں خاندانوں کا روزگار براہ راست یا بالواسطہ اسی تجارت سے جڑا ہوا ہے۔ تاجر، ٹرانسپورٹر، ڈرائیور، مزدور، دکاندار اور چھوٹے کاروباری طبقے کی معاشی سرگرمیوں کا انحصار اسی تجارت پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب سرحدی راستے بند ہوتے ہیں تو صرف تجارتی گاڑیوں کی آمدورفت نہیں رکتی بلکہ ہزاروں خاندانوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ جاتے ہیں، کاروبار تباہ ہوتے ہیں اور بے روزگاری میں اضافہ ہوتا ہے۔
حاجی جلات خان اچکزئی نے کہا کہ قومی سلامتی اور سرحدی تجارت ایک دوسرے کی ضد نہیں ہیں۔ اگر سرحدی تجارت میں اسمگلنگ، غیر قانونی آمدورفت یا سکیورٹی کے مسائل موجود ہیں تو ان کا حل تجارت کی مکمل بندش نہیں بلکہ مؤثر سرحدی انتظام، شفاف کسٹم نظام، تاجروں کی رجسٹریشن، قانونی دستاویزات اور جدید نگرانی کے نظام کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔ دنیا کے مختلف ممالک میں سکیورٹی اور تجارتی سرگرمیاں بیک وقت جاری رکھنے کے لیے ایسے ہی انتظامی طریقہ کار اختیار کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاک افغان اور پاک ایران سرحد کے تمام قانونی تجارتی راستوں کو مرحلہ وار اور مستقل بنیادوں پر کھولا جائے اور سرحدی تجارت کے لیے واضح، یکساں اور شفاف پالیسی وضع کی جائے تاکہ لوگوں کو ہر چند ماہ بعد غیر یقینی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
