پاکستان ۲۲ مئی ۲۰۲۶

پاک چین دوستی کی ڈائمنڈ جوبلی، گورنر بلوچستان

بیجنگ/کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر): شیخ جعفر خان مندوخیل ملک بھر سے مختلف سیاسی جماعتوں کے متحدہ وفد کی قیادت کرتے ہوئے بیجنگ پہنچ گئے ہیں، جہاں پاک چین دوستی اور باہمی تعاون کی ڈائمنڈ جوبلی کے سلسلے میں ایک ہفتے پر مشتمل سرکاری دورے کا آغاز کیا گیا۔ جاری اعلامیے کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان 75 سالہ سفارتی تعلقات، اقتصادی تعاون اور مستقبل کے اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ وفد چین میں سولر انرجی کی ترقی، قدیم تہذیبی ورثے اور سلیکون اسٹریٹ کا دورہ کرے گا جہاں جدید سائنسی ترقی اور قدیم روایات کے حسین امتزاج کا مشاہدہ کیا جائے گا۔ وفد کی جانب سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے اعلیٰ نمائندوں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں جن میں بدلتی ہوئی عالمی سیاسی و معاشی صورتحال، سی پیک اور مستقبل کے علاقائی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ گورنر بلوچستان نے اس موقع پر کہا کہ گوادر سٹی میگا پروجیکٹ سی پیک کا روشن ترین منصوبہ ہے اور اس کی تکمیل کے بعد بلوچستان تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کا اہم عالمی مرکز بن سکتا ہے۔ انہوں نے بلوچستان کی جامعات کی ترقی، نوجوانوں کیلئے اسکالرشپس اور تعلیمی مواقع میں اضافے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ وفد میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینیٹر عطاء الحق، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، سینیٹر کامران مرتضیٰ، میر ضیاء لانگو، محمد خان لہڑی، سینیٹر سعید الحسن مندوخیل، علاؤالدین مری، برکت علی رند، سید محمود شاہ، بایزید خان کاسی اور دیگر سیاسی شخصیات شامل ہیں۔