تازہ ترین ۲ نومبر ۲۰۲۶

فاٹا کو دس سال بعد بھی بندوبستی نظام نہیں مل سکا، انضمام کے نتائج پر سنجیدہ سوالات ہیں، مولانا فضل الرحمٰن

اسلام آباد (ویب نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ فاٹا کے انضمام کو تقریباً دس سال گزرنے کے باوجود قبائلی علاقوں میں بندوبستی نظام کے بنیادی مسائل حل نہیں ہو سکے۔ فاٹا ڈیجیٹل میڈیا ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹواری نظام، جائیدادوں کے تنازعات، پولیس اور انتظامی ڈھانچے سے متعلق مشکلات برقرار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انضمام کے نتائج کا غیرجانبدارانہ جائزہ لیا جائے اور قبائلی عوام کے سیاسی، آئینی اور معاشی مستقبل سے متعلق سوالات کے جواب دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے مستقبل کا فیصلہ عوامی مشاورت، زمینی حقائق اور حقوق کے تحفظ کی بنیاد پر ہونا چاہیے، نہ کہ بیرونی دباؤ یا طاقتور حلقوں کے مفادات کے تحت۔ مولانا فضل الرحمٰن نے حکومت پر زور دیا کہ عوامی خدشات دور کرکے انتظامی بے یقینی ختم کی جائے اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔