کوئٹہ (ویب نیوز) صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، سرکاری ہسپتالوں کی بہتری اور علاج معالجے کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں ہسپتالوں میں جدید آلات، ادویات، ایمرجنسی خدمات اور طبی عملے کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں کے بنیادی مراکز صحت اور ضلعی ہسپتالوں کو فعال بنانا ضروری ہے تاکہ عوام کو علاج کے لیے دوسرے صوبوں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو عوامی شکایات کے ازالے اور طبی سہولیات کی فراہمی میں غفلت سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔
