کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری نے صوبے میں امن و امان، مدارس بل اور معدنیات کے قوانین سے متعلق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کے حوالے سے اسمبلی میں نجی بل پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے اور وہ خود بھی اپنے حلقے خضدار تک سڑک کے ذریعے سفر کرنے سے قاصر ہیں۔ مدارس بل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم میں شامل اس قانون پر عملدرآمد نہ ہونا سوالات پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان پر وعدہ پورا نہ کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اگر حکومت نے معاملے پر سنجیدہ اقدامات نہ کیے تو جمعیت علمائے اسلام بلوچستان بھر میں دورے کرکے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔
