پاکستان ۲۲ مئی ۲۰۲۶

گڈانی میں 31 ارب روپے مالیت کی منشیات اور غیر ملکی شراب پکڑی گئی

کوئٹہ/گڈانی (صداقت انٹرنیشنل) پاکستان نیوی اور ڈائریکٹوریٹ آف ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس بلوچستان (ساؤتھ زون حب) نے مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران گڈانی کے ساحلی علاقے میں بین الاقوامی اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے 31 ارب روپے مالیت کی منشیات اور غیر ملکی شراب قبضے میں لے لی۔ ڈی جی ایکسائز بلوچستان محمد زمان کے مطابق کارروائی کے دوران 425 کلوگرام آئس (میتھ ایمفیٹامائن)، تقریباً 10 ہزار بوتلیں اور کین غیر ملکی شراب و بیئر جبکہ 20 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسمگلرز سمندری راستے سے منشیات عالمی منڈیوں تک پہنچانے اور غیر ملکی شراب پاکستان منتقل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ برآمد ہونے والی غیر ملکی شراب کی مالیت 35 کروڑ روپے کے قریب بتائی گئی ہے جبکہ قبضے میں لیا گیا سامان قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ڈی جی ایکسائز نے کہا کہ بلوچستان کو “پوست فری” صوبہ بنانے کے لیے مختلف اضلاع میں کارروائیاں جاری ہیں اور منشیات کے خلاف مہم مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائے گی۔