پاکستان ۲۲ مئی ۲۰۲۶

190 ملین پاؤنڈ کیس: متبادل وکیل نہ لانے پر ریکارڈ کی بنیاد پر فیصلہ ہوگا، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد(صداقت نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اگر آئندہ سماعت پر وکیل صفائی طبی وجوہات کی بنا پر پیش نہ ہوئے تو اپیل کنندگان متبادل وکیل پیش کریں، بصورت دیگر عدالت دستیاب ریکارڈ اور قانون کے مطابق فیصلہ سنادے گی۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے حکم نامے میں کہا کہ وکیل سلمان صفدر ریٹینا کے عارضے میں مبتلا ہیں جبکہ گزشتہ سماعت پر دلائل کیلئے آخری مہلت دی گئی تھی۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو وکالت نامے سے متعلق قانونی تقاضے فوری مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی، جبکہ کیس کی آئندہ سماعت 18 جون 2026 کیلئے مقرر کردی گئی۔