پاکستان ۲۰ مئی ۲۰۲۶

فتنہ الخوارج کا افغان سرغنہ خارجی بصیر سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ہلاک

کوئٹہ (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے سارانان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے افغان سرغنہ خارجی بصیر کو ہلاک کر دیا جبکہ اس کے ایک افغان ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ارجم کلی کے علاقے میں کیا گیا جہاں خارجی بصیر اپنے ساتھیوں کے ساتھ موجود تھا۔ کارروائی کے دوران شدید مقابلہ ہوا جس میں خارجی بصیر مارا گیا۔ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا خارجی بصیر، کمانڈر نوراللہ کا بیٹا تھا اور سیکیورٹی فورسز پر متعدد حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث رہا۔ اسے شعبان کے علاقے میں دراندازی کی کوششوں کا آپریشنل کمانڈر بھی قرار دیا جا رہا ہے۔سیکیورٹی حکام کے مطابق رواں سال 22 فروری کو پشین میں مارے جانے والے پانچ خودکش بمبار بھی خارجی بصیر کی نگرانی میں کام کر رہے تھے۔حکام نے خارجی بصیر کی ہلاکت کو دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن “عزم استحکام” کے تحت فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں کامیابی سے جاری ہیں۔