پاکستان ۲۰ مئی ۲۰۲۶

ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر 8 ٹرینیں عارضی طور پر بند

کوئٹہ (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور آپریشنل اخراجات بڑھنے کے باعث پاکستان ریلوے نے ملک کے مختلف سیکشنز پر چلنے والی 8 ٹرینوں کی سروس عارضی طور پر معطل کر دی ہے۔ریلوے حکام کے مطابق بند کی جانے والی ٹرینوں میں بولان میل، خوشحال خان خٹک ایکسپریس، مہران ایکسپریس، چمن پسنجر، ماروی ایکسپریس، سمن سرکار ایکسپریس، موئن جو دڑو ایکسپریس اور راوی ایکسپریس شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے فیول اخراجات اور بعض روٹس پر کم مسافروں کی وجہ سے ٹرین آپریشن شدید متاثر ہو رہا تھا، جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق ٹرینیں عارضی طور پر بند کی گئی ہیں اور حالات بہتر ہونے پر مرحلہ وار بحال کر دی جائیں گی۔