پاکستان ۱۹ مئی ۲۰۲۶

پاکستان کی ثالثی، امریکا اور ایران مذاکرات میں اہم پیشرفت

اسلام آباد (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل نیوز)** خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جبکہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹے انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔ ایرانی میڈیا اور بین الاقوامی ذرائع کے مطابق تہران نے امریکی تحفظات دور کرنے کے لیے ترمیم شدہ 14 نکاتی مسودہ پاکستان کے ذریعے واشنگٹن کو بھجوا دیا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا نے ایران پر عائد پابندیوں اور ایٹمی پروگرام کے معاملے پر لچک دکھائی ہے، جبکہ ایران نے نئے مسودے میں تمام پابندیاں ختم کرنے اور ناکہ بندی کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔ محسن نقوی نے بھی تہران میں اپنا دورہ تیسرے دن تک بڑھا دیا ہے تاکہ جاری سفارتی رابطوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق پاکستان کی ثالثی میں مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا اور نیا مسودہ جنگ کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔