پاکستان ۱۹ مئی ۲۰۲۶

تیسری بین الاقوامی کانفرنس بدھسٹ ہیریٹیج آف پاکستان 2026 کا آغاز 19 مئی سے ہو گا

اسلام آباد (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل نیوز)پاکستان میں گندھارا تہذیب اور بدھ مت کے تاریخی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے تیسری بین الاقوامی کانفرنس بدھسٹ ہیریٹیج آف پاکستان 2026 19 مئی سے اسلام آباد میں شروع ہو گی ،جو 23 مئی تک جاری رہے گی۔ پی ٹی ڈی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کانفرنس کا انعقاد قائد اعظم یونیورسٹی کے ہیومنسٹک بدھزم ریسرچ سینٹر کے زیر اہتمام مختلف قومی و بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے کیا جا رہا ہے جس میں دنیا بھر سے ممتاز سکالرز،محققین، ماہرین آثارِ قدیمہ اور ثقافتی ورثے کے ماہرین شرکت کریں گے۔کانفرنس میں پاکستان کی گندھارا تہذیب، بدھ مت سے وابستہ تاریخی مقامات، آثارِ قدیمہ، ثقافتی تنوع اور مذہبی سیاحت کے فروغ سے متعلق تحقیقی مقالے اور علمی مباحثے پیش کیے جائیں گے۔کانفرنس کے انعقاد میں سلک روڈ سینٹر،پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن خیبرپختونخوا کے محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر، یونیورسٹی مالایا اور ٹیکسلا انسٹی ٹیوٹ آف آرکیالوجی اینڈ سیولائزیشنز بھی شریک ہیں۔منتظمین کے مطابق کانفرنس کا مقصد پاکستان کے تاریخی و ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کرانا، بین الثقافتی روابط کو فروغ دینا اور گندھارا تہذیب کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔