پاکستان ۱۷ مئی ۲۰۲۶

وزیراعظم شہباز شریف 19 مئی کو ایک روزہ اہم دورے پر کوئٹہ پہنچیں گے

کوئٹہ(صداقت انٹرنیشنل)وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف 19 مئی کو ایک روزہ اہم دورے پر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ پہنچیں گے، جہاں وہ بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، حالیہ سیکیورٹی واقعات اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر اعلی سطحی اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔ وزیراعظم کے اس دورے کو بلوچستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور ترقیاتی عمل کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔ ان کے ہمراہ وفاقی کابینہ کے اہم ارکان بھی کوئٹہ آئیں گے، جن میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال شامل ہیں، جس سے واضح ہے کہ یہ دورہ صرف سیکیورٹی تک محدود نہیں بلکہ بلوچستان کے سیاسی، انتظامی اور معاشی معاملات بھی اس کا اہم حصہ ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کوئٹہ پہنچنے کے بعد وزیراعلی سیکریٹریٹ کا دورہ کریں گے، جہاں انہیں صوبے میں امن و امان، دہشت گردی کے خطرات، سرحدی اضلاع میں سیکیورٹی چیلنجز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران گورنر بلوچستان میر جعفر خان مندوخیل اور وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، وفاق و صوبے کے درمیان روابط اور ترقیاتی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے امن و امان کے خصوصی اجلاس میں صوبے میں امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے نئی حکمت عملی اور اہم فیصلوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔