تازہ ترین ۲۴ ستمبر ۲۰۲۶

غزہ میں فلسطینیوں کی صورتحال پر عالمی برادری کب تک خاموش رہے گی: محمود عباس

نیویارک (ویب نیوز) فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے ویڈیو خطاب میں غزہ کی صورتحال کو شدید انسانی بحران قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیلی کارروائیوں کے خاتمے، فلسطینی عوام کے تحفظ اور دو ریاستی حل کے لیے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض ریاستیں اسرائیل کو ہتھیار فراہم کرتی ہیں جو فلسطینیوں کے خلاف استعمال ہوتے ہیں، جبکہ مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں اسرائیلی بستیوں کی توسیع، زمینوں پر قبضے، گھروں کی مسماری اور آبادکاروں کے حملوں سے دو ریاستی حل کے امکانات متاثر ہو رہے ہیں۔ محمود عباس نے فلسطینی سرزمین کے انضمام اور فلسطینیوں کی بے دخلی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی اپنی سرزمین نہیں چھوڑیں گے اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے غزہ میں امن معاہدے کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد تیز کرنے، غزہ اور مغربی کنارے کو مشرقی بیت المقدس سمیت فلسطینی اتھارٹی کے تحت متحد کرنے اور ایک واضح سیاسی عمل کے ذریعے اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور فلسطینی حق خودارادیت کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین غیر عسکری ریاست کے طور پر اسرائیل کے ساتھ امن و سلامتی سے رہنے کے لیے تیار ہے اور عالمی برادری کو اعلانات کے بجائے فلسطینی عوام کے تحفظ اور دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔