تازہ ترین ۲۴ ستمبر ۲۰۲۶

بلوچستان میں انسرجنسی نہیں، چند عناصر شناخت کی بنیاد پر علیحدگی کی سوچ کو فروغ دے رہے ہیں، وزیراعلیٰ

کوئٹہ(ویب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں انسرجنسی نہیں بلکہ چند عناصر شناخت کی بنیاد پر علیحدگی کی سوچ کو فروغ دے رہے ہیں اور پاکستان کو تقسیم کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ کوئٹہ میں 21ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کو لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے اور ترقی و پسماندگی کے مسائل کا حل مسلح کارروائی نہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ حقائق اور تصورات میں فرق سمجھیں، صوبے کی تاریخ سے آگاہی حاصل کریں اور ریاست مخالف پروپیگنڈے سے دور رہتے ہوئے تعلیم اور ترقی پر توجہ دیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو سننے اور میرٹ کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، بلوچستان میں مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیسٹنگ نظام متعارف کرایا گیا ہے تاکہ ملازمتوں میں شفافیت یقینی بنائی جاسکے۔ ان کے مطابق گزشتہ دو سال کے دوران صوبائی ترقیاتی پروگرام پر سو فیصد پیش رفت ہوئی، اینٹی کرپشن محکمہ فعال اور چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب بلاامتیاز ہوگا اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت و میرٹ یقینی بنانے کے لیے اداروں کو فعال کیا جا رہا ہے۔ بعدازاں سوال و جواب کے سیشن میں وزیراعلیٰ نے مختلف موضوعات پر شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے اور نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔