کوئٹہ(ویب نیوز) ایف بی آر نے سوشل میڈیا سے آمدن کمانے والے افراد کیلئے ٹیکس کا خصوصی طریقہ کار متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت سوشل میڈیا آمدن میں سے قابل قبول اخراجات کی زیادہ سے زیادہ 30 فیصد تک کٹوتی کی جاسکے گی اور قابل ٹیکس آمدن کا تعین مجموعی آمدن سے منظور شدہ اخراجات نکال کر کیا جائے گا۔ نئے قواعد کے مطابق اگر اصل آمدن مقررہ حد سے کم ہو تو اس کی دستاویزی وضاحت کمشنر کو دینا ہوگی، جبکہ سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی آمدن کا حساب ویوز، فی ہزار ویوز کی آمدن اور حقیقت میں موصول ہونے والی نقد یا دیگر شکل کی آمدن کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ سوشل میڈیا آمدن پر ہر سہ ماہی ایڈوانس ٹیکس ادا کرنا ہوگا اور انکم ٹیکس ریٹرن میں اسے الگ سے ظاہر کرنا ہوگا، جبکہ کم آمدن ظاہر کرنے کی صورت میں کمشنر اسے درست کرسکے گا۔ نئے قواعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، سوشل میڈیا کانٹینٹ اور معاوضہ لینے والے کانٹینٹ پر لاگو ہوں گے۔
