پاکستان ۱ ستمبر ۲۰۲۶

27 ستمبر کو اسلام آباد فتح کرنے نہیں بلکہ اپنے حقوق مانگنے آ رہے ہیں، سہیل آفریدی قیادت کریں گے: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد فتح کرنے نہیں بلکہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے آ رہے ہیں، احتجاج پرامن ہوگا اور کسی قسم کا تشدد نہیں کیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے اور عدالتوں کے احکامات پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے 320 دن سے ملاقات نہیں ہوئی، ہم انصاف کا مطالبہ کرنے اسلام آباد آ رہے ہیں اور ریاست یا صوبے کے وسائل استعمال نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے، پارٹی نے عدالتوں، پارلیمنٹ اور سینیٹ میں آواز اٹھائی لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔ بیرسٹر گوہر نے سیاسی مذاکرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تناؤ ختم کرنے اور اعتماد کی فضا بحال کرنے کے لیے بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کرکے علاج کرایا جائے، حکومت سے سیاسی ڈائیلاگ ضروری ہے اور اگر مذاکرات ہوں گے تو پی ٹی آئی بات چیت کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ریاست یا پاکستان مخالف بیانیے کے ساتھ نہیں، بلکہ ملک کی ترقی چاہتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ احتجاج کا اعلان پاک سعودی ترکیہ معاہدے سے پہلے کیا گیا تھا اور پی ٹی آئی نے ماضی میں پاکستان کی اہم سفارتی سرگرمیوں میں رکاوٹ نہیں ڈالی۔ بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ ان کی بانی پی ٹی آئی سے آخری ملاقات 15 اکتوبر 2025 کو ہوئی تھی۔