کراچی ،کوئٹہ (ڈیلی صداقت انٹرنیشنل) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سندھ کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 12 مئی کراچی کی تاریخ کا سیاہ ترین، افسوسناک اور خون آشام دن تھا، جس دن جمہوریت، آزاد عدلیہ، آئین کی بالادستی، انسانی حقوق اور قومی برابری کی آواز کو طاقت، جبر اور فسطائی ہتھکنڈوں کے ذریعے دبانے کی کوشش کی گئی۔ بارہ مئی کے المناک سانحے میں بے گناہ انسانوں کا خون بہایا گیا، شہر کراچی کو خوف، آگ اور دہشت کی لپیٹ میں دھکیل دیا گیا اور پوری دنیا نے ریاستی سرپرستی میں ہونے والی بدترین بدامنی کا مشاہدہ کیا۔بیان میں کہا گیا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اپنے تمام معلوم و نامعلوم قومی شہداء کو عظیم قربانیوں پر سرخ سلام پیش کرتی ہے اور اس عہد کا اعادہ کرتی ہے کہ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ شہداء کی یاد کو زندہ رکھنا، ان کے قومی و جمہوری مشن کو آگے بڑھانا اور ظلم و جبر کے ہر نظام کے خلاف جدوجہد جاری رکھنا ہمارا قومی، سیاسی اور اخلاقی فریضہ ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے ہمیشہ آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، آزاد عدلیہ، حقیقی جمہوریت، محکوم اقوام کے حقوق اور ہر قسم کی آمریت و دائمی مارشلائی سوچ کے خلاف ایک اصولی، جراتمندانہ اور انقلابی سیاسی جدوجہد کی ہے۔ پارٹی کے سرخیل رہنماؤں اور بہادر کارکنوں نے ہر دور میں قید و بند، دھمکیوں، تشدد اور ریاستی جبر کا سامنا کرتے ہوئے حق و سچ کا پرچم بلند رکھا۔ آج ملک کی مختلف سیاسی جماعتیں بھی پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے کارکنوں کی قربانیوں، استقامت اور مزاحمتی سیاست کی مثالیں اپنے کارکنوں کے سامنے پیش کرتی ہیں۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سندھ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ بارہ مئی صرف ایک سانحہ نہیں بلکہ یہ ملک میں جمہوری قوتوں، آزاد اداروں اور محکوم قوموں کی جدوجہد کے خلاف ہونے والی ایک منظم سازش کی علامت ہے۔ اس دن بہنے والا خون آج بھی انصاف کا تقاضا کرتا ہے اور تاریخ کے صفحات ان کرداروں کو کبھی معاف نہیں کریں گے جنہوں نے کراچی کو قتل گاہ میں تبدیل کیا۔بیان میں اعلان کیا گیا کہ سانحہ بارہ مئی کی یاد میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی سندھ کے زیر اہتمام صوبائی سیکرٹریٹ کراچی میں ایک عظیم الشان تعزیتی سیمینار منعقد کیا جائے گا، جس میں شہداء بارہ مئی سمیت تمام معلوم و نامعلوم قومی شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ سیمینار سے پارٹی قائدین، سیاسی و سماجی شخصیات، دانشور، وکلاء، صحافی اور کارکنان خطاب کریں گے اور شہداء کے قومی، جمہوری اور انقلابی کردار کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔بیان کے آخر میں پارٹی نے تمام کارکنوں، وطن دوست عوام، نوجوانوں، دانشوروں، وکلاء اور جمہوریت پسند قوتوں سے اپیل کی کہ وہ بارہ مئی کے شہداء کی یاد میں منعقدہ تعزیتی سیمینار میں بھرپور شرکت کرکے اس عزم کا اظہار کریں کہ ظلم، جبر، فسطائیت، قومی استحصال اور غیر جمہوری قوتوں کے خلاف جدوجہد ہر صورت جاری رہے گی، اور شہداء کے لہو سے روشن ہونے والا آزادی، انصاف، برابری اور حقیقی جمہوریت کا چراغ کبھی بجھنے نہیں دیا جائے گا۔
