تازہ ترین ۱۴ جون ۲۰۲۶

’یہ سرینڈر کی دستاویز ہے‘: ایران سے ممکنہ امن معاہدے پر ڈیموکریٹس ٹرمپ پر شدید تنقید

کوئٹہ(ویب نیوز)امریکا میں ڈیموکریٹ رہنماؤں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ متوقع امن معاہدے پر سخت تحفظات اور تنقید کا اظہار کیا ہے۔ ڈیموکریٹ سینیٹر ایڈم اسکف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ صدر ٹرمپ کے مطابق جنگ ختم ہو چکی ہے، تاہم ماضی میں بھی ایسے دعوے سننے کو ملے ہیں جو بعد میں غلط ثابت ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی جنگوں کے آغاز اور بڑھتے اخراجات امریکی عوام کے لیے نقصان دہ ہیں۔اسی طرح کانگریس مین سیتھ مولٹن نے مجوزہ معاہدے کو سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے “ہتھیار ڈالنے کی دستاویز” قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ ایران کے سپریم لیڈر کے سامنے سرینڈر کے مترادف ہے اور اس میں امریکی ٹیکس دہندگان کے اربوں ڈالر خرچ ہونے کے باوجود واضح کامیابی نظر نہیں آتی۔ دوسری جانب صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے پر اتوار کو دستخط ہوں گے اور اس کے بعد آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی۔