دکی:)صداقت ویب نیوز( یونین کونسل نمبر 12 ناصر آباد ٹو، تحصیل و ضلع دکی میں 49 لاکھ روپے کے ترقیاتی فنڈز کے مبینہ غلط استعمال اور بے ضابطگیوں کے خلاف وائس چیئرمین اور کونسل ممبران نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ وائس چیئرمین اللہ نور ناصر اور کونسل ممبران نے دعویٰ کیا کہ ترقیاتی فنڈز میں شفافیت نہیں برتی گئی اور ریکارڈ کے مطابق 150 واٹ کے 150 سولر پینلز کی خریداری کی گئی، تاہم ان کی تقسیم اور اصل استعمال پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ انہوں نے یونین کونسل چیئرمین، سیکرٹری اور ڈی ای او لوکل گورنمنٹ کے کردار پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ممبران کے مطابق اس سے قبل ملنے والے 16 لاکھ روپے کے فنڈز میں بھی مبینہ بے ضابطگیوں کے خدشات موجود ہیں، جبکہ کنٹیجنسی فنڈز کے استعمال میں بھی شفافیت نہیں پائی جاتی۔ انہوں نے اینٹی کرپشن اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ مکمل آڈٹ کرایا جائے اور بے ضابطگی ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔
