مقامی ۳ جولائی ۲۰۲۶

ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات فوری طور پر تسلیم کیے جائیں اصغر خان اچکزئی

کوئٹہ (ویب نیوز) عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدراصغر خان اچکزئی کی قیادت میں پارٹی کے ایک وفد نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے جاری احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور ان کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ حکومت بلوچستان ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے علاج کے لیے تمام ضروری اور بہترین طبی سہولیات فوری طور پر فراہم کرے اور ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی شفاف، غیر جانبدار اور مکمل تحقیقات کرائی جائیں۔ وفد نے مزید مطالبہ کیا کہ سرکاری اسپتالوں میں خدمات انجام دینے والے ینگ ڈاکٹرز، طبی عملے اور دیگر صحت کے کارکنوں کو مؤثر سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ اس موقع پر وفد میں عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر ثناء اللہ کاکڑ، مرکزی ورکنگ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر عیسیٰ خان جوگیزئی، ضلعی پریس سیکریٹری زین اللہ خان اور مزمل شاہ بھی موجود تھے۔