کوئٹہ( ویب سائٹ ) سنڈیمن پراونشل ہسپتال کوئٹہ میں ڈاکٹر حنیف لونی کی صدارت میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (YDA) بلوچستان کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں حالیہ تنظیمی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں واضح طور پر اعلان کیا گیا کہ مخصوص ٹولے کی جانب سے بنائی گئی غیر جمہوری اور غیر آئینی کابینہ کے پاس کوئی قانونی مینڈیٹ یا اختیار نہیں ہے، اور ایسی کوئی بھی نام نہاد کابینہ کسی بھی ینگ ڈاکٹر کو تنظیم سے نکالنے کا مجاز نہیں رکھتی۔اجلاس کے شرکا نے کہا کہ وائی ڈی اے بلوچستان کسی گروہ کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ صوبے کے ہزاروں ڈاکٹروں کی مشترکہ امانت ہے۔ انہوں نے حالیہ اقدامات کو بوکھلاہٹ اور جمہوری عمل سے فرار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے وہ مرعوب نہیں ہوں گے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے میڈیا سیل کے مطابق، ڈاکٹروں نے عزم ظاہر کیا کہ ان کی پرامن اور آئینی جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک شفاف انتخابات کے ذریعے ایک حقیقی اور منتخب نمائندہ کابینہ قائم نہیں ہو جاتی۔
